وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے صومالیہ کے وزیر داخلہ علی یوسف کی ملاقات

23

اسلام آباد ،23جنوری (اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے صومالیہ کے وزیر داخلہ علی یوسف کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد کی ملاقات ہوئی۔ وزارت داخلہ آمد پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے صومالی ہم منصب کا خیر مقدم کیا۔

ملاقات میں پاکستان اور صومالیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزرائے داخلہ نے کاٹریننگ، بارڈر مینجمنٹ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خلاف مشترکہ حکمتِ عملی اپنانے پر اتفاق کیا گیا۔ داخلی سلامتی، انسداد دہشتگردی اور سیکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

صومالی وزیر داخلہ نے پاکستان کے تجربات سے استفادہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے صومالی ہم منصب کو پولیس اور انسداد دہشتگردی میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔محسن نقوی نے کہا کہ صومالیہ کو درپیش چیلنجز کا ادراک ہے اور انسداد دہشتگردی سمیت مختلف شعبوں میں صومالیہ کو مکمل تعاون فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ علاج اور تعلیم کے لیے آنے والے صومالی شہریوں کو ویزہ سہولت دی جائے گی۔

صومالی وزیر داخلہ نے کہا کہ صومالیہ مشکل صورتحال میں ہے اور دہشتگردوں کے خلاف لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس دورے سے صومالیہ اور پاکستان کے تعلقات میں وسعت پیدا ہوگی۔صومالی وزیر داخلہ نے اپنے پاکستانی ہم منصب محسن نقوی کو وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے لیے وزیراعظم صومالیہ کا خصوصی پیغام پیش کیا۔ صومالی ہم منصب نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو صومالیہ کے دورے کی باضابطہ دعوت دی۔

وفد میں جمہوریہ صومالیہ کے سفیر شیخ نور محمدحسن حمزہ عدن سیکرٹری، وزارتِ خارجہ، عثمان عبداللہی۔ ڈپٹی پولیس چیف، لیبان پولیس چیف کے مشیر، مس ادل عبدی۔ پالیسی ایڈوائزر، وزارتِ داخلہ، مس آسمہ ہاغی ڈپلومیٹک کوآرڈینیٹر سفارت خانہ صومالیہ وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر و آئی جی اسلام آباد، ڈی جی ایف آئی اے اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔