وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرصدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس، متعدد پراجیکٹس پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ

10

اسلام آباد، یکم  جنوری (اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرصدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں خصوصی اجلاس ہوا، جس میں عوام کی فلاح و بہبود کے متعدد پراجیکٹس پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد میں سٹیٹ آف دی آرٹ کرکٹ سٹیڈیم بنایا جائے گا ، 10 روز میں سٹیڈیم کا حتمی ڈائزین طلب کر لیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، نیشنل پارک کے لئے مخصوص ایریا مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے  جبکہ  اسلام آباد میں جدید طرز پر سیف سٹی پراجیکٹ کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں کشمیر چوک پر ٹریفک کی روانی کے لیے ”سمارٹ انڈر پاس” کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ہے ، 10 روز میں سمارٹ انڈر پاس کا حتمی ڈائزین طلب کیا گیا ہے۔

اجلاس میں اسلام آباد میں فائیو سٹار ہوٹل کی تعمیر کے لیے معروف کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،جس کیلئے  اسلام آباد میں عرصہ دراز سے خالی کمرشل پلاٹس کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔

 اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف آپریشن پوری قوت سے جاری رہے گا اور واگزار کرائی اراضی کا مفاد عامہ کے لیے بہترین استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں نئے کنونشن سنٹر کی تعمیر کے لئے مختلف تجاویز پر غور کیا جائے گا۔