وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ کا ایریڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی کا دورہ ،یونیورسٹی میں جاری تعلیمی معاونت پروگرام کا تفصیلی جائزہ

7

اسلام آباد،7 جنوری(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نےپیر مہر علی شاہ ایریڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے یونیورسٹی میں جاری تعلیمی معاونت پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا۔

دورے کے موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر قمر الزمان نے وفاقی وزیر کو ادارے میں تعلیم کے فروغ اور مستحق طلبہ کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق بریفنگ دی۔

وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ نے اس موقع پر کہا کہ موجودہ حکومت نے پاکستان بیت المال کے تحت مستحق طلبہ کے لیے تعلیمی مالی معاونت کی رقم ایک لاکھ روپے سے بڑھا کر ڈیڑھ لاکھ روپے کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی وظائف کی فراہمی کو شفاف، مؤثر اور بروقت بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ امداد درست حقداروں تک پہنچ سکے۔

انہوں نے واضح کیا کہ مالی معاونت براہِ راست یونیورسٹی اکاؤنٹس میں منتقل کی جاتی ہے جبکہ تمام صوبوں کے مستحق طلبہ کو بلاامتیاز اس سہولت سے مستفید کیا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ 2022 سے 2025 کے دوران پاکستان بیت المال کے تحت 16 ہزار 956 کیسز کی منظوری دی گئی اور تعلیمی معاونت کی مد میں تقریباً 575 ملین روپے جاری کیے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رواں مالی سال کے دوران اب تک ایریڈ ایگریکلچر یونیورسٹی کے 107 طلبہ تعلیمی معاونت سے مستفید ہو چکے ہیں۔

سید عمران احمد شاہ نے زراعت کے صوبائی وزیر محمد عاشق حسین کرمانی کی تعلیم اور زراعت کے فروغ کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو بھی سراہا۔

انہوں نے کہا کہ حکومتِ وقت تعلیم کو قومی ترقی میں ایک مؤثر سرمایہ کاری سمجھتی ہے اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے تعلیمی شعبے میں معاونت کو ترجیح دی جا رہی ہے۔