اسلام آباد، 15 جنوری (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے گیس دھماکہ سے متاثرہ گھر جی سیون، اسلام آباد کا دورہ کیا اور مسیحی خاندان کے ورثا کے لیے مالی امداد کا اعلان کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ جو لوگ واقعہ میں فوت ہو گئے ان کے لواحقین کے لیے پانچ پانچ لاکھ دیئے جائیں گے۔ زخمی افراد کو وزارت کی جانب سے پچاس ہزار فی کس دئیے جائیں گے، انھوں نے کہا کہ یتیم بچی کے جہیز کے لیے اپنے خصوصی فنڈ سے مالی معاونت کروں گا، گیس لیکج کا واقعہ ایک بہت بڑا صدمہ ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ یہاں جو ناگہانی آفت آئی اس کی ساری تفصیل وزیراعظم تک پہنچائیں گے،وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی جو بھی کر سکتی ہے وہ کرے گی،یہاں بڑی آبادی ہے اس کی ری کنسٹرکشن ہونی چاہیے،اس کے لیے حکومت ہدایات بھی جاری کرے گی۔
آئندہ ایسے واقعات سے بچاؤ کے لئے آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی۔اس واقعہ نے ہم سب کو حفاظتی اقدامات کی اہمیت اور لاپرواہی کے مہلک نتائج کی طرف متوجہ کیا ہے ۔ہم ایک متحد اور مستحکم قوم ہیں،اور ایسے سانحات میں ہماری یکجہتی ہی ہماری حقیقی طاقت ہے۔











