پاکستان کا چین کے ساتھ ترقیاتی ہم آہنگی اور آذربائیجان کے ساتھ سرمایہ کاری کے طریقہ کار پر اتفاق؛ ترجمان دفترِ خارجہ کی ہفتہ وار بریفنگ

7

اسلام آباد۔8جنوری  (اے پی پی):پاکستان اور چین نے اپنے ترقیاتی منصوبوں اور ترجیحات کو مزید ہم آہنگ کرنے اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، پاکستان کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد میں غیر متزلزل اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، پاکستان اور آذربائیجان نے اس بات پر اتفاق کیا ہے پاکستان کی معیشت کے نشاندہی شدہ شعبوں میں آذربائیجان کی سرمایہ کاری کو آسان بنانے کےلئے ایک موثر طریقہ کار کو حتمی شکل دی جائے گی، نائب وزیراعظم  اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سعودی عرب سمیت مختلف ملکوں کے ہم منصبوں کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو میں موجودہ علاقائی صورتحال کا جائزہ لیا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے اور روابط جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

 دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے جمعرات کو یہاں ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستان اور چین نے افغانستان میں موجود تمام دہشت گرد تنظیموں کو ختم کرنے کےلئے مزید واضح اور قابل تصدیق اقدامات پر زور دیا ہے، دونوں ملکوں نے اپنے ترقیاتی منصوبوں اور ترجیحات کو مزید ہم آہنگ کرنے اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کو آگے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا ہے۔

 ترجمان نے کہا کہ رواں ہفتے نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے بیجنگ میں منعقدہ پاک چین وزرائے خارجہ کے سٹریٹجک ڈائیلاگ کے ساتویں دور میں شرکت کےلئے چین کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر جاری ہونے والا پاک چین مشترکہ اعلامیہ ایک جامع دستاویز ہے جس میں سٹریٹجک اور سیاسی تعاون کے ساتھ ساتھ دفاع اور سلامتی، معیشت، تجارت، سرمایہ کاری، ثقافتی اور عوام سے عوام کے تبادلوں سمیت وسیع شعبوں میں پاک چین تعلقات کے تمام پہلوئوں پر بات چیت کا احاطہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بات چیت میں مشترکہ دلچسپی کے بین الاقوامی اور علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ فریقین نے اپنے اپنے بنیادی مفادات سے متعلق امور پر ایک دوسرے کےلئے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ون چائنا اصول پر اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ تائیوان چین کا ایک ناقابل تنسیخ حصہ ہے، پاکستان قومی اتحاد کے حصول اور سنکیانگ، ڑیزانگ، ہانگ کانگ اور بحیرہ جنوبی چین کے معاملات پر چین کی ہر کوشش کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ چین نے پاکستان کی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کےلئے اپنی مستقل حمایت کا اعادہ کیا۔ چین نے دہشت گردی سے نمٹنے کےلئے پاکستان کی جانب سے کئے گئے جامع اقدامات کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف برسوں کے دوران پاکستان کی اہم شراکتوں اور عظیم قربانیوں کو مکمل طور پر تسلیم کیا۔ فریقین نے اپنے ترقیاتی منصوبوں اور ترجیحات کو مزید ہم آہنگ کرنے اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کے اپ گریڈ شدہ ورژن 2.0 کی تعمیر پر اتفاق کیا جو بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کا ایک اہم منصوبہ ہے۔

 انہوں نے کہا کہ دونوں فریقوں نے اقوام متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی تعلقات کو کنٹرول کرنے والے بنیادی اصولوں کے تحت جنوبی ایشیائی علاقائی ترتیب کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے یکطرفہ اقدامات کی مخالفت کا اعادہ کیا اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کی اہمیت اور تمام تصفیہ طلب تنازعات کو بات چیت اور مشاورت کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

 ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے چین کو جموں و کشمیر کی صورتحال پر اپنے موقف اور تازہ ترین پیشرفت سے آگاہ کیا۔ چین نے اس بات کا اعادہ کیا کہ جموں و کشمیر تاریخ کا ایک تصفیہ طلب تنازعہ ہے اور اسے اقوام متحدہ کے چارٹر، سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور دو طرفہ معاہدوں کے مطابق مناسب اور پرامن طریقے سے حل کیا جانا چاہئے، فریقین نے برابری اور باہمی فائدے کے اصول کے تحت سرحد پار آبی وسائل کے تعاون کےلئے آمادگی کا اظہار کیا اور بین الاقوامی قانونی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

 دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بین الاقوامی اور علاقائی سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے کی اہمیت کا بھی اعادہ کیا گیا، دونوں فریقوں نے نئے نتائج کی فراہمی کےلئے چین-افغانستان-پاکستان سہ فریقی وزرائے خارجہ مذاکرات اور چین-بنگلہ دیش-پاکستان تعاون کے طریقہ کار سے فائدہ اٹھانے کےلئے آمادگی کا اظہار کیا۔

 طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ فریقین نے افغان مسئلہ پر قریبی رابطے اور رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا جبکہ دونوں فریقوں نے افغانستان میں موجود تمام دہشت گرد تنظیموں کو ختم کرنے اور ان کے خاتمے کےلئے مزید واضح اور قابل تصدیق اقدامات پر زور دیا جو علاقائی اور عالمی سلامتی کے لئے بدستور سنگین خطرات کا باعث ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ دہشت گرد تنظیموں کو افغان سرزمین کو کسی دوسرے ملک کے خلاف دہشت گردی کے لئے استعمال کرنے اور کسی دوسرے ملک کو خطرے میں ڈالنے سے روکنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی غیر متزلزل اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ 5 جنوری کو پاکستان کے عوام نے جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ مل کر یومِ حقِ خود ارادیت منایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن 1949 میں اقوامِ متحدہ کی اس قرارداد کی یاد دلاتا ہے جس میں کشمیری عوام کے اس حق کو تسلیم کیا گیا کہ وہ اقوامِ متحدہ کی نگرانی میں ایک آزاد اور منصفانہ استصوابِ رائے کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں۔ ترجمان نے کہا کہ بین الاقوامی قانون حقِ خود ارادیت کو اقوامِ متحدہ کے منشور میں شامل ایک بنیادی اصول کے طور پر تسلیم کرتا ہے، کشمیری عوام گزشتہ سات دہائیوں سے بھارت کی جانب سے اس ناقابلِ تنسیخ حق سے محروم رکھے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پر بھارت کا مسلسل غیر قانونی قبضہ ہمارے عہد کے المناک اور حل طلب تنازعات میں سے ایک ہے۔

 ترجمان نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی طور پر زیرِ تسلط جموں و کشمیر کے عوام کو منظم جبر، سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بنیادی حقوق و انسانی وقار سے انکار کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیری عوام کی حقیقی قیادت کو خاموش کرانے بالخصوص میڈیا کو دبانے کی مسلسل کوششیں کررہا ہے، کشمیری سیاسی نظر بندوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جبکہ قابض حکام نے مقبوضہ علاقہ میں 16 سیاسی تنظیموں پر پابندی عائد کردی ہے، بے گناہ کشمیریوں کی پروفائلنگ، ہراسانی، اندھادھند گرفتاریاں اور نام نہاد ”کارڈن اینڈ سرچ“ آپریشنز مقبوضہ علاقے میں معمول بن چکے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہزاروں کشمیری رہنماءاور سول سوسائٹی کے اراکین قید و بند کی صعوبتیں برداشت کررہے ہیں۔ مسرت عالم، شبیر احمد شاہ، آسیہ اندرابی، ڈاکٹر قاسم فکتو، ایڈووکیٹ عبدالقیوم، فہمیدہ صوفی اور دیگر کئی رہنما برسوں سے قید میں ہیں۔ محمد یاسین ملک کو ایک نام نہاد عدالتی کارروائی کے بعد سزا سنائی گئی جبکہ خرم پرویز اور صحافی عرفان معراج بھارتی قابض حکام کی انتقامی کارروائیوں کے باعث تاحال جیل میں قید ہیں۔

طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات بھارتی غیر قانونی قبضے کو آبادیاتی تبدیلی کے ذریعے مضبوط بنانے کی کھلی کوشش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد کشمیری عوام کو ان کے اپنے وطن میں ایک بے اختیار اور محروم برادری میں تبدیل کرنا ہے جو بین الاقوامی قانون اور حقِ خود ارادیت کے مسلمہ اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارتی غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں دہائیوں پر محیط ظلم و جبر اور بے شمار قربانیوں کے ساتھ کشمیری عوام نے اپنے جائز حقِ خود ارادیت کے حصول کےلئے اپنی جدوجہد میں ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی حقِ خود ارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی غیر متزلزل اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آذربائیجان کے وزیرِ اقتصادیات میکائل جباروف کے ساتھ پاکستان میں آذربائیجان کی دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے عملی نفاذ پر ٹیلی فون پر تبادلہ خیال کیا اور پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کےلئے اعلیٰ سطحی روابط کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر گفتگو میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان کی معیشت کے نشاندہی شدہ شعبوں میں آذربائیجان کی سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے لئے ایک موثر طریقہ کار کو حتمی شکل دی جائے گی۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش، انڈونیشیا، ملائیشیا،مصر اور میانمار کے وزراءخارجہ کے ساتھ حالیہ دنوں میں ٹیلیفون پر گفتگو کے دوران دوطرفہ تعلقات سمیت ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش کے خارجہ امور کے مشیر توحید حسین کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگومیں دوطرفہ تعلقات کے علاوہ ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ میں حالیہ پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

 ترجمان نے کہا کہ ملائیشیا کے وزیر خارجہ محمد بن حاجی حسن کے ساتھ الگ گفتگو میں نائب وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا اور ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ میں بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال سمیت حالیہ علاقائی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں جانب سے مسلسل مشاورت کی اہمیت پر زور دیا گیا اور تمام سطحوں پر قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ 6 جنوری کو نائب وزیراعظم نے میانمار کے وزیر خارجہ یو تھان سوے کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کی اور دوطرفہ تعلقات کی موجودہ سطح کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ انڈونیشیا کے وزیر خارجہ سوگیونو کے ساتھ گفتگو میں نائب وزیراعظم نے پاکستان۔انڈونیشیا تعلقات، صومالیہ میں ہونے والی پیش رفت اور غزہ میں دیرپا امن کے لیے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا اور ان امور پر قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

 ترجمان نے کہا کہ مصر کے وزیر خارجہ بدر احمد محمد عبدالعطی کے ساتھ گفتگو میں نائب وزیراعظم نے موجودہ علاقائی صورتحال کا جائزہ لیا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے اور دونوں ممالک کے مفاد میں روابط جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے رواں ہفتے کے دوران سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے ساتھ دو مرتبہ ٹیلی فونک رابطہ کرکے یمن سے متعلق سعودی وزارتِ خارجہ کے بیان کا خیرمقدم کیا اور خطے کی صورتحال کو خوش اسلوبی سے حل کےلئے تمام فریقین کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ نائب وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں تمام متعلقہ فریقین کسی بھی قسم کے اشتعال انگیز اقدام سے گریز کریں اور علاقائی امن و استحکام کےلئے مسائل کو بات چیت اور سفارتکاری کے ذریعے حل کیا جائے۔ ترجمان نے کہا کہ نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کے ساتھ بھی گفتگو کی۔ نائب وزیراعظم نے موجودہ علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور خطے میں مثبت پیشرفت اور بہتری کے رجحان پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس امر کو سراہا کہ بات چیت اور سفارتکاری کے ٹھوس نتائج برآمد ہورہے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ترکیہ کے وزیر خارجہ حقان فیدان کے ساتھ گفتگو میں نائب وزیراعظم نے بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال پر بات چیت کی اور تجارت، ٹیکنالوجی، سیاحت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر غور کیا۔