راولپنڈی، 29 جنوری(اے پی پی):پاک بحریہ نے 14ویں بار کمبائنڈ ٹاسک فورس-150 کی کمان سنبھال لی، بحرین کے ہیڈ کوارٹر آف کمبائنڈ میری ٹائم فورسز میں تبدیلی کی تقریب کے دوران پاک بحریہ کے کموڈور محمد یاسر طاہر نے رائل سعودی نیول فورسز کے کموڈور فہد ایس الجوید سے کمانڈ سنبھال لی۔
کمانڈر نے یقین دلایا کہ ان کی ٹیم اس باوقار ذمہ داری کو نبھانے اور خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، کموڈور محمد یاسر طاہر نے پاک بحریہ کے غیر قانونی بحری سرگرمیوں کا مقابلہ کرنے کے ساتھ ساتھ مواصلات کی اہم سمندری لائنوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کی۔
کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کے تحت کام کرنے والوں میں کا شمار پانچ ٹاسک فورسز میں سے ایک میں ہوتا ہے۔ اس کا مشن بحر ہند، بحیرہ عرب اور خلیج عمان میں ہتھیاروں، منشیات اور دیگر غیر قانونی سامان کی اسمگلنگ میں مصروف غیر ریاستی عناصر کو روکنا اور ان میں خلل ڈالنا ہے۔
رائل سعودی نیول فورسز کی کمان کے دوران پاک بحریہ کے جہازوں کی جانب سے انسداد منشیات کے کامیاب آپریشنز باہمی بحری کوششوں کے ذریعے علاقائی امن و سلامتی کے لیے پاک بحریہ کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
کمانڈ کی تبدیلی کی تقریب میں بحرین میں پاکستان کے سفیر، کمانڈر کمبائنڈ میری ٹائم فورس، کمانڈر رائل بحرین نیول فورسز اور سی ایم ایف کے تحت کام کرنے والی متعدد دیگر بحری افواج کے نمائندوں نے شرکت کی۔











