لاہور، ی01جنوری (اے پی پی): صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب سپیشل پلاننگ اتھارٹی (پی ایس پی اے) کا دائرہ کار صوبے کے تمام اضلاع تک وسیع کیا جا رہا ہے، جبکہ ای کنسٹرکشن پورٹل کو پنجاب حکومت کے ای بِز سسٹم سے منسلک کر دیا گیا ہے، جس کے بعد ہاؤسنگ سوسائٹیوں اور تعمیراتی اجازت ناموں کا تمام عمل مکمل طور پر آن لائن ہو گیا ہے۔ سول سیکرٹریٹ میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر بلدیات نے بتایا کہ پی ایس پی اے کے مرکزی سسٹم کو ہر ضلع کے ڈیش بورڈ سے جوڑ دیا گیا ہے اور صرف شرائط پوری کرنے کی صورت میں ہی ای کنسٹرکشن پورٹل پر درخواست وصول کی جائے گی۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ارشد بیگ، ایڈیشنل سیکرٹری قرۃ العین اور دیگر افسران نے شرکت کی، جبکہ ڈائریکٹر جنرل پی ایس پی اے نے جدید پلاننگ سپورٹ سسٹم (پی ایس ایس) پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ اتھارٹی ہر درخواست پر 40 روز کے اندر تمام پراسیس مکمل کرنے کی پابند ہو گی، جبکہ کمرشل، رہائشی اور صنعتی تعمیرات کی اجازت میں غیر ضروری تاخیر کا خاتمہ کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پی ایس پی اے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے منظم اور پائیدار تعمیرات کے وژن پر عملدرآمد یقینی بنائے گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سپیشل پلاننگ اتھارٹی کا قیام گرین ایریاز کے بے ہنگم خاتمے کو روکنے کے لیے عمل میں لایا گیا ہے۔ محکمہ بلدیات تمام اضلاع کی ماسٹر پلاننگ مکمل کر چکا ہے اور اب جی پی ایس ٹیکنالوجی کے ذریعے ہر علاقے کی مؤثر مانیٹرنگ کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اُفقی تعمیرات کے بجائے کثیر المنزلہ عمارتوں کے کلچر کو فروغ دیا جائے گا اور آئندہ مرحلے میں صنعتی زونز کو بھی پی ایس پی اے کے دائرہ اختیار میں لایا جائے گا۔ ذیشان رفیق نے پی آئی ٹی بی کو ہدایت کی کہ پورٹل میں مزید جدید فیچرز شامل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ای کنسٹرکشن پورٹل کو پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی (پی ایل آر اے) کے ساتھ بھی منسلک کر دیا گیا ہے، جس سے شہریوں کو سہولت اور شفافیت میسر آئے گی۔
انہوں نے زور دیا کہ غیرقانونی تعمیرات کی روک تھام اور غیرقانونی اسکیموں کی ریگولرائزیشن وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ہمارا ہدف شہریوں کی رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کو سو فیصد محفوظ بنانا ہے، اور پی ایس پی اے کو اس ضمن میں واضح اہداف دے دیے گئے ہیں۔ آخر میں وزیر بلدیات نے کہا کہ مریم نواز حکومت کے تمام اقدامات کا مقصد عوام کو بہتر، تیز اور شفاف سہولیات کی فراہمی ہے۔











