اسلام آباد، 02 فروری (اے پی پی ): اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے برطانیہ کے ہاؤس آف کامنز کے رکن عمران حسین سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم اور مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے پر گفتگو ہوئی۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کو ہر فورم پر اٹھاتے رہیں گے اور انہو ں نے عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
رکن ہاؤس آف کامنز عمران حسین نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر محض ایک علاقائی تنازعہ نہیں بلکہ ایک سنگین انسانی بحران ہے اور برطانوی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر مؤثر انداز میں اٹھاتے رہیں گے۔
ملاقات میں وفاقی وزیر اور چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا محمد قاسم نون اور وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ بھی موجود تھے۔











