اسلام آباد،4فروری (اے پی پی):قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف کا وزیراعظم ہاؤس آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے معزز مہمان کا خیر مقدم کیا،دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا اور ان کے درمیان خوشگوار جملوں کا تبادلہ ہوا۔
بدھ کو وزیراعظم ہاؤس آمد پر قازقستان کے صدر کے اعزاز میں باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی،مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ قاسم جومارت توکایووف نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔
قازقستان کےصدر نے اپنے وفد کے ارکان کا وزیراعظم محمد شہباز شریف سے تعارف کرایا جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ کے ارکان کوقازقستان کےصدر سے متعارف کرایا۔
قاسم جو مارت توکا یووف نے وزیراعظم ہاؤس کے احاطے میں پودا بھی لگایا۔قاسم جومارت توکایووف صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقاتیں کریں گے۔اس کے علاوہ وہ پاکستان قازقستان بزنس فورم سے خطاب بھی کریں گے۔
یہ دورہ دونوں ممالک کے لیے دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لینے،تعاون کے نئے مواقع پر غور کرنے بالخصوص تجارت، لاجسٹکس، علاقائی رابطہ کاری، عوامی روابط کے فروغ اور علاقائی و بین الاقوامی فورمز پر تعاون کے امکانات کو دریافت کرنے کا اہم موقع فراہم کرے گا۔
قازق صدر کا دورہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان مضبوط ہوتے ہوئے تعلقات کی عکاسی کرتا ہے،تاریخی و ثقافتی قربتوں کو موثر عملی تعاون میں بدلنے کے باہمی عزم کو اجاگر کرتا ہے اور خطے میں امن و ترقی کے لیے دونوں ممالک کی مشترکہ خواہش کی نمائندگی کرتا ہے۔











