پشاور، 25 فروری(اے پی پی): وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ لیپ ٹاپ سکیم محض ڈیجیٹل ڈیوائسز کی تقسیم نہیں بلکہ یہ نوجوانوں کے مستقبل میں بہترین سرمایہ کاری ہے، آج کی دنیا میں قومیں محض افرادی قوت کی تعداد سے نہیں بلکہ اپنی افرادی قوت کی ذہنی صلاحیت، تخلیقی سوچ اور تکنیکی مہارت کی بنیاد پر مقابلہ کرتی ہیں. ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور میں وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کی تقسیم کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
و فاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ آج کی اس تقریب میں 950 لیپ ٹاپس کی تقسیم ایک اہم قدم ہے، یہ اقدام طلبہ کو عالمی آن لائن کورسز، بین الاقوامی تحقیقی لائبریریوں اور جدید تکنیکی مہارتوں تک براہِ راست رسائی فراہم کرتا ہے، وہ مہارتیں جو آج کی علم پر مبنی معیشت میں کامیابی کی بنیاد ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر ہم ابھرتے ہوئے ٹیکنالوجیکل شعبوں میں کیے گئے اہم اقدامات کا ذکر کریں تو 2017 میں نیشنل سنٹر فار آرٹیفیشل انٹیلیجنس قائم کیا گیا، اس وقت جب پاکستان میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس ابھی عام موضوع نہیں بنا تھا، آج یہ مرکز ملک میں اے آئی تحقیق کا اہم ستون ہے. ڈیجیٹل خودمختاری اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے نیشنل سنٹر فار سائبر سکیورٹی کا قیام عمل میں لایا گیا تاکہ سائبر خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ جدید ڈیٹا تجزیاتی صلاحیت کو فروغ دینے کےلیے نیشنل سنٹر فار بیگ ڈیٹا اینڈ کلاؤڈ کمپیوٹنگ بنایا گیا۔ متعدد انجینئرنگ جامعات کو قومی اختراعی نیٹ ورک سے منسلک کیا گیا تاکہ تحقیق کو صنعت سے جوڑا جا سکے اور لیبارٹری کی سطح پر ہونے والی تحقیق کو مارکیٹ تک پہنچایا جا سکے۔











