وزارتِ داخلہ کے وفد کا دورہ انقرہ، باہمی روابط کو فروغ دینے پر اتفاق

13

اسلام آباد،23 فروری (اے پی پی ): وزیر مملکت طلال چوہدری کی سربراہی میں وزارت داخلہ کے سرکاری وفد نے دو روزہ دورہ انقرہ کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔ اس دورے کے دوران، وفد نے ترک نائب وزیر داخلہ سے ملاقات کی اور ادارہ جاتی تعاون اور باہمی روابط کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

وفد نے پولیس، انسداد دہشتگردی، امیگریشن اور نارکوٹکس محکموں کا دورہ کیا اور پیشہ ورانہ اشتراک پر تفصیلی گفتگو کی۔ رمضان المبارک کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام ترک حکام تک پہنچایا گیا۔

پاکستان اور ترکیہ کے درمیان امن و سکیورٹی تعاون مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعاون مزید مضبوط کرنا ناگزیر ہے اور امن و سلامتی اور مؤثر نتائج کے لیے قریبی رابطہ ضروری ہے ۔