اسلام آباد، 26فروری(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا کہ وزارت نے اصلاحات اور بہتری کے ایک جامع عمل کا آغاز کیا ہے، جس کا مقصد خدمات کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور عوامی اعتماد کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ خدمات کی بہتری اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے منظم اور شفاف نظام ناگزیر ہے۔
آج پاکستان گورننس فورم 2026 کے موقع پر میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر سردار محمد یوسف کا کہنا تھا کہ وزارت نے گزشتہ برس خدمات کی فراہمی، ڈیجیٹل تبدیلی، بین المذاہب ہم آہنگی اور انتظامی شفافیت کے حوالے سے متعدد مثبت اقدامات کیے۔ انہوں نے بتایا کہ حج انتظامات کو مزید سہل اور منظم بنانے کے لیے آن لائن رجسٹریشن، ریئل ٹائم مانیٹرنگ اور پاک حج موبائل ایپ سمیت جدید سہولیات متعارف کرائی گئیں، جبکہ ملک بھر میں تربیتی مراکز کے ذریعے عازمین کی بہتر رہنمائی کا مؤثر نظام قائم کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ زائرین کے لیے ڈیجیٹل نظام کے نفاذ اور شفاف طریقہ کار سے سہولت اور اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ، مذہبی تنوع کے احترام اور تحقیقی مواد کی ڈیجیٹلائزیشن پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ آئندہ حکمتِ عملی میں مکمل ڈیجیٹلائزیشن، مؤثر ریگولیٹری نظام، ڈیٹا پر مبنی پالیسی سازی اور مالیاتی شفافیت کو مزید فروغ دیا جائے گا تاکہ خدمات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔ انہوں نے اصلاحات کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔











