وزیراعظم محمد شہباز شریف کی مانسہرہ آمد،لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز شہید کے گھر حاضری،دانش اسکول کے قیام کا اعلان

14

مانسہرہ، 26 فروری (اے پی پی ):وزیر اعظم محمد شہباز شریف، فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کی قیادت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز شہید کے گھر مانسہرہ پہنچے جہاں انہوں نے  شہید کی والدہ، اہلیہ اور بچوں سمیت دیگر لواحقین سے ملاقات کی اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

 وزیر اعظم نے کہا کہ لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز شہید نے وطن عزیز کی حفاظت کی خاطر جام شہادت نوش کیا اور ہمت و بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کی۔

وزیراعظم نے شہید کی قبر پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے شہید کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہداء اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے اور پاکستانی قوم اپنے شہداء اور ان کے اہل خانہ کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شہید کے اہل خانہ کا حکومت اور پاک فوج مکمل خیال رکھیں گے۔

وزیراعظم نے مانسہرہ میں لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز شہید کے نام سے دانش اسکول کے قیام کا بھی اعلان کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزراء عطاء اللہ تارڑ، انجینئر امیر مقام،سردار محمد یوسف، مشیر وزیر اعظم رانا ثناء اللہ، کیپٹن (ر) محمد صفدر، مرتضیٰ جاوید عباسی اور شاہ جی گل آفریدی بھی موجود تھے۔