اسلام آباد،13 فروری(اے پی پی): وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد ماڈل جیل اور نیشنل پولیس اکیڈمی میں زیر تعمیر ہاسٹل کا دورہ کیا۔ انہوں نے تعمیراتی کاموں پر پیشرفت کا جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ 15 برس سے زیر التوا اسلام آباد جیل کا منصوبہ صرف ایک برس میں تکمیل کے قریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیل کی تعمیر کا 85 فیصد سے زائد کام مکمل ہو چکا ہے اور صرف 2 ماہ بعد یہ جیل فنکشنل ہو جائے گی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد میں جدید ماڈل جیل کا قیام سیکیورٹی کے پیشِ نظر بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیل میں 2 حفاظتی دیواریں تعمیر کی جا رہی ہیں اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور مرکزی کنٹرول روم بھی قائم کیا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے انڈر ٹریننگ اے ایس پیز کے لیے زیر تعمیر ہاسٹل کے ماڈل روم کا معائنہ کیا اور اہم ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ ہاسٹل کی تکمیل سے پولیس افسران کو بہترین رہائشی سہولتیں مہیا کی جا سکیں گی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی میں جدید انفراسٹرکچر کے قیام سے پولیس تربیت کا معیار مزید بلند ہوگا۔ انہوں نے منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے ڈبل شفٹ میں کام کرنے کی ہدایت کی۔











