وساکھی میلہ و خالصہ جنم دن کی تقریبات کے انتظامات سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس

15

لاہور ،25فروری (اے پی پی):   سکھ مذہب کے   327ویں وساکھی میلہ و خالصہ جنم دن کی تقریبات کے انتظامات کے سلسلے میں اعلیٰ سطحی اجلاس متروکہ وقف املاک بورڈ کے ہیڈ آفس میں  منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق نے کی۔اجلاس میں پولیس، رینجرز، کسٹمز، امیگریشن، ریسکیو 1122، سوئی گیس، محکمہ صحت اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ، ضلعی و صوبائی انتظامی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ سکھ یاتریوں کی آمد، قیام و طعام، رسومات کی ادائیگی، سفری سہولیات اور فول پروف سیکورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز  ناصر مشتاق نے  میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے  کہا کہ پاکستان ہمیشہ کی طرح بھارت سمیت دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کی بھرپور میزبانی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے متروکہ وقف املاک بورڈ اور پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق نے کہا کہ یاتریوں کے لیے میڈیکل سہولیات، قیام و طعام اور سفری سہولتوں کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے اور اس مقصد کے لیے  بہترین ایئر کنڈیشنڈ بسیں فراہم کی جائیں گی۔  امیگریشن ،بجلی سوئی گیس کی متواتر فراہمی کی سہولیات کو یقینی بنایا جائے گا ۔یاتریوں کے لیے تمام رہائشی  مقامات پر  میڈیکل کی سہولیت   میسر ہو ں گی جبکہ  ریسکیو 1122 کی  6خصوصی ایمبو لینس یاتریوں کےبسوں کے  قافلوں کے  ہمراہ  موجود ہوں گی  وساکھی میلہ پرگورو دواہ جنم استھان ،گوردوارہ پنجہ صاحب ،گورو دوارہ ڈیرہ صاحب سمیت دیگر مذہبی عبادت گاہوں کو خوبصورت روشنیوں سے سجایا جائے گا ۔

 ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق نے میڈیا کو بتایا کہ دوطرفہ معاہدے کے تحت  وساکھی و خالصہ جنم دن کی  تقریبات کے لیے بھارت سے 3 ہزار سکھ یاتری  ہر سال پاکستان  آتے ہیں۔ طے شدہ شیڈول کے مطابق یاتری 10اپریل کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچیں گے جہاں  پر انکا پر تپاک اور آرام دہ استقبال کیا جائے گا  ۔دنیا بھر میں بسنے والی سکھ سنگت امریکہ ،کینیڈا ،یو کے ،جرمنی ،فرانس ،ملیشیا،آسٹریلیا و دیگر ممالک سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیر  پورٹ کے راستے پاکستان آئیں گے ۔ وساکھی میلہ اور خالصہ جنم دن کی مرکزی تقریب 14اپریل کو گورو دوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال  میں منعقد ہو گی ۔