ڈھاکہ، 17 فروری (اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے ڈھاکہ کے دورے کے دوران بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر ڈھاکہ میں منتخب وزیرِاعظم کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت کے سلسلے میں موجود ہیں۔
ملاقات کے دوران احسن اقبال نے بنگلہ دیش میں کامیاب اور پُرامن انتخابات کے انعقاد پر پروفیسر محمد یونس اور بنگلہ دیش کے عوام کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ، تجارت کے شعبے میں تعاون، عوامی روابط کے استحکام اور براہِ راست فضائی رابطوں کی بحالی میں چیف ایڈوائزر کے کردار کو سراہا۔
چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس نے وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور وزیرِاعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے اپنی ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان متعدد مشترکہ پہلو موجود ہیں جو باہمی مفاد پر مبنی دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔
اس موقع پر احسن اقبال نے پاکستان۔بنگلہ دیش نالج کوریڈور کے تحت علامہ محمد اقبال اسکالرشپس سے بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ اسکالرشپس کے پہلے بیچ کے طلبہ پاکستان کی مختلف جامعات میں اپنی تعلیم کا آغاز کر چکے ہیں۔
پروفیسر محمد یونس نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں تعلیمی، ثقافتی اور عوامی سطح پر روابط میں مزید اضافہ ہوگا اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔











