وفاقی وزیر احسن اقبال کی پاکستان گورننس فورم 2026 کے دوران میڈیا سے بات چیت

15

اسلام آباد، 25فروری(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو پائیدار اور تیز رفتار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے مؤثر طرزِ حکمرانی، ادارہ جاتی استعداد میں اضافہ اور وفاق و صوبوں کے درمیان مضبوط ہم آہنگی ناگزیر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ قومی اہداف کے حصول کے لیے سرکاری اداروں اور نجی شعبے کو مشترکہ حکمتِ عملی کے تحت کام کرنا ہوگا تاکہ پالیسی سازی اور عملدرآمد کے درمیان خلا کم کیا جا سکے اور ترقیاتی عمل کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

پاکستان گورننس فورم 2026 کے دوران میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس فورم کا مقصد تمام شراکت داروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر کے قابلِ عمل تجاویز حاصل کرنا ہے، تاکہ ملکی ترقی کی رفتار کو تیز کیا جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ برآمدات میں اضافہ، کاروباری ماحول میں سہولت اور غیر ضروری دفتری پیچیدگیوں میں کمی کے ذریعے معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جا سکتا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ قومی ترقی کے سفر میں اجتماعی سوچ اور ٹیم ورک کلیدی اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مربوط پالیسیوں اور مؤثر اشتراکِ عمل کے ذریعے پاکستان کو خوشحال اور مستحکم مستقبل کی جانب لے جایا جا سکتا ہے، تاکہ نوجوان نسل کے لیے وسیع مواقع اور بہتر امکانات فراہم کیے جا سکیں۔