وفاقی وزیر بحری امور سے بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر کی ملاقات،پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان فیری سروس اور براہ راست شپنگ لائن کے قیام پر غور

9

اسلام آباد ،11 فروری (اے پی پی): وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری سے بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین خان نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ بحری تعاون کے فروغ اور باہمی روابط کو وسعت دینے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان فیری سروس کے آغاز کی تجویز زیر غور آئی جبکہ دونوں ممالک نے بحری تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری نے کہا کہ مجوزہ فیری سروس سے سیاحت اور تجارتی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوگا اور عوامی روابط کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان براہ راست شپنگ لائن کے قیام پر بھی تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ براہ راست شپنگ لائن سے دوطرفہ تجارت کو نئی جہت ملے گی اور تجارتی لاگت میں کمی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں بحری روابط کے فروغ سے معاشی استحکام کو تقویت ملے گی۔ ملاقات میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات کو مضبوط معاشی شراکت داری میں بدلنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ باہمی تعاون کے نئے امکانات سے بھرپور استفادہ کیا جا سکے۔