وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی اٹلی، سپین اور یونان کے وزرائے داخلہ سے روم میں اہم ملاقات

13

اسلام آباد، 26 فروری 26(اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی  اوراٹلی، سپین اور یونان کے وزرائے داخلہ  کے درمیان  روم میں اہم ملاقات ہوئی   جس میں غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں اٹلی، سپین اور یونان نے غیر قانونی امیگریشن روکنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور 47 فیصد کمی پر پاکستان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

اٹلی نے پاکستان کے لئے 10,500 ورک ویزے جاری کرنے کا اعلان کیا ہے،جس میں شپ بریکنگ، ہاسپٹیلٹی، ہیلتھ کیئر اور اگریکلچر کے شعبوں میں مہارت رکھنے والے افراد شامل ہیں۔ اٹلی کے وزیر داخلہ میٹیو پینٹے ڈوسی نے کہا کہ اٹلی پاکستان کے ساتھ تعاون کو بڑھانے کے لئے تیار ہے۔

یونان کے وزیر داخلہ اتھاناسیس پلیورس نے پاکستان کی غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کی کوششوں کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ یونان پاکستان کے ساتھ تعاون کو بڑھانے کے لئے تیار ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان غیر قانونی امیگریشن کے خلاف صفر رواداری کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور 1,770 انسانی سمگلرز کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تعاون کو بڑھانے کے لئے مشترکہ حکمت عملی پر عمل کیا جائے گا۔