اسلام آباد، 27فروری(اے پی پی):ادارہ شماریات پاکستان کے ڈائریکٹر نصیر احمد نے کہا ہے کہ لیبر فورس سروے ملک میں افرادی قوت کی مجموعی صورتحال کو سمجھنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سروے کے ذریعے یہ اندازہ لگایا جاتا ہے کہ ملک میں کتنے افراد لیبر فورس کا حصہ ہیں، کتنے برسرِ روزگار ہیں اور کتنے بے روزگار، جبکہ مختلف شعبوں سے وابستہ افراد کی عمومی درجہ بندی بھی سامنے آتی ہے۔
اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ افرادی قوت سے متعلق دستیاب اعداد و شمار مختلف حکومتی اداروں کے لیے پالیسی سازی میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہنر مند اور تعلیم یافتہ افرادی قوت کی معلومات متعلقہ اداروں کو فراہم کی جاتی ہیں تاکہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر روزگار کے مواقع سے بہتر انداز میں استفادہ کیا جا سکے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آئی ٹی اور دیگر پیشہ ورانہ شعبوں میں پاکستانی نوجوانوں میں خاطر خواہ صلاحیت موجود ہے، اور بیرون ملک کام کرنے والے پاکستانی نہ صرف اپنی پیشہ ورانہ خدمات انجام دے رہے ہیں بلکہ ترسیلاتِ زر کے ذریعے ملکی معیشت میں بھی مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جامعات ہر سال بڑی تعداد میں گریجویٹس تیار کر رہی ہیں، جس سے افرادی قوت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ ادارہ شماریات کی جانب سے تیار کردہ ڈیجیٹل نظام اور ڈیش بورڈز انتظامی حکام کو بھی سہولت فراہم کر رہے ہیں، جن کے ذریعے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور دیگر معاشی اشاریوں کی نگرانی میں آسانی ہوتی ہے۔ ان کے مطابق یہ اقدامات بہتر حکمرانی اور مؤثر فیصلہ سازی میں مددگار ثابت ہو رہے ہیں۔











