اسلام آباد،26 فروری(اے پی پی ):اسپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بدلتے ہوئے دور میں گورننس کو بہتر بنانے اور شفافیت لانے کےلئے ‘‘پاکستان گورننس فورم’’ کا قیام بے انتہا اہمیت کا حامل ہے
‘‘پاکستان گورننس فورم’’کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرت ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شفافیت کو یقینی بنانے کےلئے جوابدہی کا عمل بہت ضروری ہے ، ہم نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں بہتر گورننس کےلئے متعدد اصلاحات کی ہیں کیونکہ گورننس کا آغاز ہمیشہ گھر سے ہوتا ہے ، ہم نے شفافیت کےلئے سنیارٹی ، فٹنس اور ٹیسٹ کو بنیادی حیثیت دی ہے، پارلیمنٹ جمہوری نظام میں بنیادی حیثیت رکھتی ہے، پارلیمنٹ کی پبلک اکائونٹس کمیٹی احتساب کا سب سے اہم فورم ہے۔
سردار ایاز صاد ق نے کہا کہ قومی اسمبلی کی فنانس کمیٹی میں حکومت اور اپوزیشن کے ارکان کی نمائندگی ہوتی ہے، اس کمیٹی کوبا اختیار بنانے اورفیصلہ سازی کو ادارہ جاتی حیثیت دینے کےلئے سپیکرکے اختیارات منتقل کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گورننس سے متعلق قانون سازی ہورہی ہے ،شفافیت اور گورننس کےلئے سب کو ملکر کام کرنا ہوگا، پاکستان گورننس فورم بہتر گورننس کےلئے سنگ میل ثابت ہوگا۔











