اسلام آباد، 12 مارچ (اے پی پی): وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال سے کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سی پی ایس پی کے امور پیشہ ورانہ سرگرمیوں تربیتی پروگرامز اور مجموعی کارکردگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر صحت نے اس موقع پر کہا کہ سی پی ایس پی پاکستان کا ایک ممتاز اور قابل فخر ادارہ ہے جس نے ملک میں پوسٹ گریجویٹ طبی تعلیم اور ماہر ڈاکٹروں کی تربیت میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ادارے کی خدمات کی بدولت پاکستانی ڈاکٹر نہ صرف ملک کے اندر بلکہ دنیا بھر میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پاکستانی ڈاکٹر ہمارے سفیر ہیں جو اپنی مہارت محنت اور پیشہ ورانہ دیانت کے ذریعے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ڈاکٹر جہاں بھی خدمات انجام دے رہے ہیں وہاں وہ پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر صحت نے سی پی ایس پی کی جانب سے معیاری طبی تعلیم تحقیق اور تخصصی تربیت کے فروغ کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ ملک میں صحت کے نظام کو مضبوط بنانے میں بنیادی ستون کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت صحت کے شعبے کی ترقی اور طبی تعلیم کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے سی پی ایس پی کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔











