ملتان؛ یومِ پاکستان کی مرکزی تقریب، پرچم کشائی، پریڈ اور قومی جذبے کا شاندار مظاہرہ

13

ملتان،23 مارچ (اے پی پی ): یومِ پاکستان کے موقع پر ڈپٹی کمشنر آفس میں مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں فضا “شاد رہے پاکستان” کے نعروں سے گونجتی رہی۔ تقریب میں پرچم کشائی کے ساتھ پولیس، ریسکیو اور سول ڈیفنس کے چاک و چوبند دستوں نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔تقریب کی صدارت کمشنر ملتان عامر کریم خاں اور ریجنل پولیس آفیسر محمد عثمان اکرم گوندل نے کی جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس محسن نثار، ضلعی حکام اور سول سوسائٹی کے نمائندگان بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر سائرن بجائے گئے اور شہداء کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔کمشنر عامر کریم خاں نے اپنے خطاب میں کہا کہ یومِ پاکستان اس عظیم دھرتی کے تحفظ کے عزم کو مزید مضبوط بناتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل تک وطن کی حفاظت اور حرمت کا پیغام پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قراردادِ پاکستان کے ذریعے مسلمانوں کو ایک الگ وطن کی نوید ملی اور اس کے حصول کیلئے ہمارے بزرگوں نے لازوال قربانیاں دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ 23 مارچ برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک عظیم خوشخبری کا دن تھا اور آج پوری قوم ملی جذبے کے ساتھ یومِ پاکستان منا رہی ہے۔ریجنل پولیس آفیسر محمد عثمان اکرم گوندل نے کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال میں یومِ پاکستان پر قومی اتحاد کا اظہار نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی مانند اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک کے دفاع کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔