ملتان ،25ملتان(اے پی پی): کمشنر عامر کریم خاں نے ملتان وہاڑی روڈ کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر متعلقہ افسران نے منصوبے کی پیشرفت پر بریفنگ دی۔
کمشنر عامر کریم خاں نے بتایا کہ 93 کلومیٹر طویل دو رویہ سڑک میں سے ایک سائیڈ کے 84 کلومیٹر پر پہلی کارپٹنگ مکمل کرلی گئی ہے جبکہ دوسری سائیڈ کے 54 کلومیٹر پر بھی کارپٹنگ کا کام مکمل ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہاڑی چوک تا بابر چوک 4.5 کلومیٹر پر مشتمل شہری حصہ 30 اپریل 2026 تک مکمل کر لیا جائے گا۔ منصوبہ مکمل ہونے پر وہاڑی سے ملتان کا سفری دورانیہ 2 گھنٹے سے کم ہو کر تقریباً ایک گھنٹہ رہ جائے گا جس سے عوام کو بڑی سہولت میسر آئے گی۔
کمشنر نے ہدایت کی کہ باقی ماندہ کام کو تیز رفتار سے مکمل کیا جائے اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے گنجان آباد علاقوں میں سڑک کی خوبصورتی، گرین بیلٹس میں شجرکاری اور جدید ڈیزائن اپنانے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے نکاسی آب کے مؤثر نظام، آبی گزرگاہوں کی فنی اصولوں کے مطابق تعمیر اور بارش کے پانی کے بروقت اخراج کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ مزید برآں جدید طرز کے بس شیڈز کی تعمیر اور منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
دورے کے دوران کمشنر نے سڑک کے معیار کو جانچنے کیلئے اسٹریٹ ایج ٹیسٹ اپنی نگرانی میں کروایا اور اس بات پر زور دیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار اور خوبصورتی کو یکجا رکھا جائے۔











