نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ، سینیٹر محمد اسحاق ڈار کا یومِ پاکستان کے موقع پرپیغام

11

اسلام آباد،23مارچ (اے پی پی):نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے مسلمانوں کے علیحدہ وطن کے قیام کے لیے جدوجہد کرنے والے اسلاف کی بصیرت اور عزم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بہادر قوم نے بے شمار قربانیاں دے کر یہ آزاد وطن حاصل کیا۔ اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کی اقدار پر قائم رہتے اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہم سب مل کر ہر چیلنج سے کامیابی کے ساتھ نمٹیں گے۔ یوم پاکستان پر اپنے پیغام میں نائب وزیر اعظم نے کہا کہ میں یومِ پاکستان کے موقع پر اپنے ہم وطنوں کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہم 23 مارچ 1940 کو منظور کی گئی قراردادِ پاکستان کی یاد میں مناتے ہیں، جس کے تحت برصغیر کے مسلمانوں نے ایک علیحدہ وطن کا مطالبہ کیا جہاں وہ اسلامی اصولوں کے مطابق اپنی زندگی گزار سکیں۔

انہوں نے کہا کہ آج 23 مارچ کی اس یادگار تاریخ کو مناتے ہوئے ہم اپنے اسلاف کی غیر متزلزل جدوجہد، بصیرت اور عزم کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں، جن کی کاوشوں کے نتیجے میں پاکستان ایک آزاد ریاست کے طور پر معرضِ وجود میں آیا۔ قائدِ اعظم محمد علی جناح نے تحریکِ پاکستان کی قیادت کرتے ہوئے بے شمار چیلنجز کا غیر معمولی استقامت، جرأت اور یقین کے ساتھ مقابلہ کیا۔ ہماری بہادر قوم نے اس قرارداد میں پیش کیے گئے وطن کے حصول کے لیے بے شمار قربانیاں دیں۔آج ہم اپنا قومی دن ایسے وقت میں منا رہے ہیں جب ہمارا خطہ تنازعات کی لپیٹ میں ہے۔ خطے میں جاری کشیدگی کے معاشی اور سیاسی اثرات ہم پر بھی مرتب ہوئے ہیں۔

حکومت کی جانب سے اختیار کردہ کفایتی اقدامات کے تناظر میں مجھے کامل یقین ہے کہ ہماری قوم اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کی اقدار پر قائم رہتے ہوئے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرے گی اور ہم سب مل کر اس چیلنج سے بھی کامیابی کے ساتھ نمٹیں گے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ پاکستان کی افغانستان کے اندر فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج / ٹی  ٹی پی کے خلاف کارروائیاں اسی مقصد کے حصول کے لیے ہیں۔ اس راہ میں ہمارے بہادر سپوت اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔ ہم اپنے شہدا اور قومی ہیروز کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے ہمارے مشترکہ مستقبل کی بہتری کے لیے عظیم قربانیاں دیں۔

انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ہم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو نہیں بھول سکتے جنہوں نے اپنے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے غیر معمولی قربانیاں دی ہیں۔ پاکستان بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کو ان کے حقِ خودارادیت کے حصول تک اپنی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم پر ثابت قدم ہے۔ اس خصوصی دن کے موقع پر میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور ان کی حب الوطنی، لگن اور محنت کو سراہتا ہوں۔ وہ ہر روز عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی فخر کے ساتھ کرتے ہیں اور ملک کے مستقبل کی کامیابی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔