اسلام آباد، 09 مارچ( اے پی پی): اسلام آباد کے لیاقت جمنازیم میں پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے منعقدہ “پاک چین فرینڈشپ تھری بائی تھری باسکٹ بال چیمپئن شپ” میں پاکستان واپڈا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویمنز اور ڈیپارٹمنٹل کیٹیگریز کے فائنلز جیت لیے۔
فیڈرل باسکٹ بال ایسوسی ایشن اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کے تعاون سے منعقدہ اس ایونٹ کے ویمنز فائنل میں واپڈا بلیک نے گیریژن ٹیم کو 14-17 سے شکست دی، جبکہ ڈیپارٹمنٹل فائنل میں واپڈا گرین نے آرمی ریڈ کو 14-21 سے ہرا کر اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا۔
کلب کیٹیگری میں وائی ایم سی اے فاتح رہی جس نے فائنل میں فرینڈز کلب کو شکست دی۔
اختتامی تقریب میں ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ یاسر پیرزادہ، صدر پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن بریگیڈیئر (ر) محمد افتخار منصور، امتیاز رفیع بٹ اور چینی سفارتخانے کے نمائندوں سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کر کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔











