اسلام آباد،10 مارچ(اے پی پی ): وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی زیر صدارت اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کی ترقی اور ان کی ڈیجیٹلائزیشن سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں سیکرٹری وزارتِ صنعت و پیداوار سیف انجم، چیف ایگزیکٹو آفیسر سمیڈا اور سمیڈا بورڈ کے اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ایس ایم ای سیکٹر کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈیجیٹل سہولیات فراہم کرنے اور ان کی مارکیٹ تک رسائی بڑھانے کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔
اس موقع پر ہارون اختر خان نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے ایس ایم ایز کی ڈیجیٹل موجودگی کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے جس سے ان کے لیے نئی منڈیوں تک رسائی کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے استعمال سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اپنی مصنوعات کو وسیع پیمانے پر متعارف کرا سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ایس ایم ایز کو اپنی مصنوعات کو مؤثر انداز میں پیش کرنے کے لیے ایک خصوصی ڈیجیٹل پلیٹ فارم تیار کرنے پر کام جاری ہے۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے مختلف شعبوں خصوصاً ایم ایس ایم ایز، جیمز اینڈ جیولری اور آٹوموبائل سیکٹر کی مصنوعات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
معاونِ خصوصی نے کہا کہ مجوزہ پلیٹ فارم کو عالمی ای کامرس ماڈلز کے معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا جائے گا تاکہ پاکستانی مصنوعات کو بہتر انداز میں متعارف کرایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس پورٹل پر پاکستان میں تیار ہونے والی ویلیو ایڈڈ اور معیاری مصنوعات کو نمایاں کیا جائے گا۔
اجلاس کے اختتام پر اس منصوبے کو آگے بڑھانے اور مختلف پہلوؤں پر کام کرنے کے لیے ایک ورکنگ گروپ بھی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔











