وزیراعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر خان کی زیر صدارت کسان اتحاد کے وفد کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس

13

اسلام ٓآباد،31مارچ(اے پی پی): وزیراعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر خان کی زیر صدارت کسان اتحاد کے وفد کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاکستان کے زرعی شعبے کو درپیش اہم چیلنجز اور مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں سیکرٹری وزارتِ صنعت و پیداوار کیپٹن (ر) سیف انجم اور سمیڈا کی سی ای او مس نادیہ جہانگیر سیٹھ نے شرکت کی۔

اجلاس میں زراعت، پھلوں اور سبزیوں، ان کی محفوظ سازی اور برآمدی صلاحیت پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ صدر کسان اتحاد نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان میں جدید محفوظ سازی اور پیکجنگ کی سہولیات نہ ہونے کے باعث بڑی مقدار میں پھل اور سبزیاں ضائع ہو جاتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فوڈ پراسیسنگ، پیکجنگ، ویلیو ایڈیشن اور کولڈ اسٹوریج کی سہولیات کی کمی فوڈ سیکٹر میں ایک بڑی رکاوٹ ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہارون اختر خان نے کہا کہ پھلوں اور سبزیوں کی برآمدات میں ویلیو ایڈیشن اور جدید پیکجنگ کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سمیڈا کسانوں اور برآمد کنندگان کو جدید تکنیک اور مہارتیں فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ زرعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی اور جدید فوڈ پراسیسنگ طریقوں کو اپنانے سے مصنوعات کی قدر میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ ان سہولیات کی کمی کے باعث بڑی مقدار میں خوراک اور زرعی پیداوار ضائع ہو جاتی ہے، جس سے کسانوں کو مالی نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔

ہارون اختر خان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا ویلیو ایڈیشن سے متعلق وژن برآمدات میں نمایاں اضافہ کا باعث بن سکتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ فشریز سیکٹر میں کولڈ چین انفراسٹرکچر کی بہتری اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ فشریز کے شعبے کی ترقی کے لیے ایکوا کلچر ٹیکنالوجی اور کولڈ چین سسٹمز میں سرمایہ کاری ناگزیر ہے۔ مزید برآں، انہوں نے سمیڈا کو ہدایت کی کہ وہ کسان اتحاد اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر ایک جامع پالیسی اور عملی منصوبہ تیار کرے۔

اجلاس کے اختتام پر انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سخت کوالٹی کنٹرول کو یقینی بنا کر اور ایک مضبوط برآمدی برانڈ قائم کر کے پاکستان زرعی اور فشریز شعبوں میں عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کر سکتا ہے۔