اسلام آباد، 8 مارچ ( اے پی پی): وزیراعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر خان کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں سمیڈا بورڈ ممبر مشہود علی خان نے ایس ایم ایز کے لیے نئے اقدامات پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ 200 سے زائد ایس ایم ای کلسٹرز کی رجسٹریشن پر مشتمل آن لائن پلیٹ فارم قائم کر دیا گیا ہے۔
ہارون اختر خان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق کلسٹرز کی رجسٹریشن سے انہیں قومی اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی حاصل ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ شہد سے لے کر زیتون کے تیل تک مختلف کلسٹرز ایک ہی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں جبکہ سمیڈا ان کلسٹرز کو ویلیو ایڈیشن، برانڈنگ اور برآمدات کے لیے تربیت فراہم کرے گا۔
ہارون اختر خان کا کہنا تھا کہ ایس ایم ای سیکٹر پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور ایس ایم ای کلسٹرز کی ڈیجیٹلائزیشن سے کاروباری مواقع میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو عالمی منڈیوں سے جوڑنے کے لیے پرعزم ہے جبکہ کلسٹر بیسڈ اپروچ کے ذریعے مقامی صنعت اور برآمدات کو فروغ دیا جائے گا۔











