پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی چین،  بچت اور کفایت شعاری کے لیے جاری اقدامات کے نفاذ کے حوالےسے اجلاس

58

اسلام آباد،31 مارچ (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں خطے کی صورتحال کے پیش نظر پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی چین، بچت اور کفایت شعاری کے لیے جاری اقدامات کے نفاذ کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کم آمدنی والے طبقات کو موجودہ صورتحال کے تناظر میں ریلیف پہنچانے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں کو صوبوں کے ساتھ مشاورت کے بعد حتمی تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی اور پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ اور غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت اقدامات کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ تین ہفتوں میں وفاقی حکومت نے کم آمدنی والے طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے اہم اقدامات کیے ہیں اور آئندہ بھی غریب طبقے کی ریلیف کے لئے اقدامات جاری رہیں گے۔تیل کی قیمتوں کو بڑھنے سے روکنے کے لئے وفاقی حکومت نے ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی، کفایت شعاری اور بچت کے مختلف اقدامات کے ذریعے عام آدمی کو 129 ارب روپیہ کا ریلیف دیا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت کے بروقت فیصلوں کی وجہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی ملکی ضروریات کیلئے مناسب مقدار موجود ہے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وزیر پاور ڈویژن سردار اویس لغاری، وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔