لاہور، 11 مارچ ( اے پی پی): چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی سے قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ کی قیادت میں کھلاڑیوں نے ملاقات کی۔
ملاقات میں چیئرمین پی سی بی نے 8 برس بعد ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کوالیفائر ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگی اور محنت کو سراہا۔ اس موقع پر محسن نقوی نے بے روزگار ہاکی پلیئرز کو ملازمتیں دینے اور زخمی کھلاڑیوں کا علاج پی سی بی کے تعاون سے کرانے کا اعلان کیا۔
انہوں نے یقین دلایا کہ فٹنس، میڈیکل اور دیگر سہولیات کی فراہمی میں ہاکی ٹیم کو مکمل سپورٹ اور تعاون جاری رہے گا۔ ملاقات میں موجود قومی ہاکی ٹیم کے کوچ خواجہ جنید اور کھلاڑیوں نے مشکل وقت میں بھرپور سرپرستی پر چیئرمین پی سی بی کا شکریہ ادا کیا، جبکہ اس اہم نشست میں پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد، چیف فنانشل آفیسر اور تمام ڈائریکٹرز بھی شریک تھے۔











