ملتان، 31 مارچ (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی زیر صدارت ضلعی محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔
اجلاس میں شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن، ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت، صحت و تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران تجاوزات کے خلاف جاری مہم پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ شہر کو تجاوزات سے پاک بنانے کیلئے بھرپور اقدامات جاری ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ آپریشن میں مزید تیزی لائی جائے اور بلا امتیاز کارروائی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کیلئے پیرا فورس اور میونسپل کارپوریشن کی مشترکہ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
واسا حکام نے سیوریج اور دیگر جاری سکیموں پر پیشرفت رپورٹ پیش کی جس پر ڈپٹی کمشنر نے کام کی رفتار مزید تیز کرنے اور عوامی مسائل کے فوری حل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے متعلقہ محکموں کو واضح ٹاسک دیتے ہوئے کہا گیا کہ تمام منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کئے جائیں۔
اجلاس میں محکمہ صحت کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا اور ہسپتالوں میں سہولیات کی بہتری اور مریضوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اسی طرح محکمہ تعلیم کو تعلیمی معیار بہتر بنانے اور سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی کارکردگی مزید بہتر بنائیں اور عوامی مسائل کے فوری حل کو ترجیح دیں۔ انہوں نے کہا کہ بیوٹیفکیشن اور شجرکاری مہم کے ذریعے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کیا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں تمام ادارے فعال کردار ادا کریں۔











