یومِ پاکستان کے موقع پر میونسپل کمیٹی چنیوٹ کے سبزہ زار میں ایک پروقار پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد

20

چنیوٹ، 23مارچ (اے پی پی ):  یومِ پاکستان کے موقع پر میونسپل کمیٹی چنیوٹ کے سبزہ زار میں ایک پروقار پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کا اہتمام ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیا گیا۔تقریب میں ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد احمر علی، سیکرٹری بار تصدق حسین کولی، عمر الیاس چنیوٹی، سی او میونسپل کمیٹی مظفر بیگ، انجمن تاجران کے نمائندگان سمیت ضلعی افسران، ایجوکیشن افسران، اساتذہ کرام، طلباء، شہریوں اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر قومی پرچم لہرایا گیا اور قومی ترانہ پیش کیا گیا جبکہ یومِ پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ شرکاء نے وطنِ عزیز کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف نے کہا کہ یومِ پاکستان ہمیں اتحاد، ایمان اور تنظیم کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کا درس دیتا ہے۔ سیکرٹری بار تصدق حسین کولی کا کہنا تھا کہ یہ دن تجدیدِ عہد کا دن ہے اور ہم سب متحد ہیں،  ہمیں ملک کی ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم کرنا ہوگا۔دریں اثناء ضلع چنیوٹ کی دیگر تحصیلوں میں بھی یومِ پاکستان کے حوالے سے تقریبات منعقد ہوئیں، جہاں پرچم کشائی، تقاریر اور دعائیہ تقاریب کے ذریعے اس دن کی اہمیت کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا۔