اسلام آباد،11اپریل (اے پی پی):اسلام آباد مذاکرات کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران کا اعلیٰ سطح وفد اسلام آباد پہنچ گیا ہے جس کی قیادت ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کر رہے ہیں، ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی بھی وفد میں شامل ہیں-
ایرانی وفد کا استقبال نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کیا۔ نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ تمام فریقین تعمیری انداز میں مذاکرات کریں گے، انہوں نے پاکستان کی جانب سے فریقین کے درمیان ایک دیرپا اور پائیدار حل تک پہنچنے کے لیے اپنی سہولت کاری کی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔
اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیرِ داخلہ سید محسن رضا نقوی بھی موجود تھے۔











