اسلام آباد، 07 اپریل (اے پی پی): ترکیہ کی آئینی عدالت کے صدر قادیر اوزکایا کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی وفد نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے پبلک فیسیلٹیشن سینٹر کا دورہ کیا۔وفد کو چیف جسٹس آف پاکستان کے وژن کے مطابق عدالتی نظام میں کی جانے والی جدید اصلاحات اور عوامی سہولیات پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وفد کو ڈیجیٹل ڈیش بورڈ، ای-رپورٹنگ پورٹل، ای-پیمنٹ سسٹم اور کیو میٹک (Q-Matic) جیسے جدید ترین ٹیکنالوجی کے حامل اقدامات کے بارے میں بتایا گیا جن کا مقصد سائلین کو ون ونڈو آپریشن کے ذریعے فوری اور آسان رسائی فراہم کرنا ہے۔ معزز مہمان نے اس دورے کی یادگار کے طور پر ایک ڈیجیٹل تختی کی نقاب کشائی بھی کی، جبکہ اس دورے کو دونوں ممالک کے عدالتی اداروں کے درمیان تعاون اور ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل کو مستحکم کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا گیا۔











