اسلام آباد،16 اپریل ( اے پی پی): صدرِ مملکت ِ آصف علی زرداری کی وفاقی دارالحکومت میں سردار یار محمد رند کی رہائش گاہ پر آمد ، دونوں رہنماؤں کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ۔
ملاقات کے دوران بلوچستان سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا، جس میں صوبے کی مجموعی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات پر غور کیا گیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اس موقع پر بلوچستان کی ترقی اور وہاں کی عوام کی خوشحالی کے لیے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر صوبے کی پائیدار ترقی کے لیے کام کرنا ہوگا۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ بلوچستان کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے وسائل کی فراہمی کی حمایت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آغازِ حقوقِ بلوچستان پیکج بھی اس عزم کا واضح اظہار تھا، جس کے تحت صوبے کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے گئے۔











