صدرِ پاکستان آصف علی زرداری چین کے شہر چانگشا پہنچ گئے

6

چانگشا، 25 اپریل( اے پی پی):  صدرِ پاکستان آصف علی زرداری چین کے شہر چانگشا پہنچ گئے ہیں۔ہُونان صوبائی عوامی کانگریس کے نائب چیئرمین ہو ژوشینگ نے صدرِ  مملکت کا پرتپاک استقبال کیا۔ پاکستان میں چینی سفیر جیانگ زائی دونگ اور چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صدر زرداری چانگشا میں قیام کے دوران صوبائی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

صدر مملکت چین کے صوبہ ہونان میں واقع شاؤشان میں چیئرمین ماؤ زیدونگ کی جائے پیدائش اور انکی سابقہ رہائش گاہ کا دورہ بھی کریں گے۔صدر کے دورے کے دوران حکومتِ سندھ اور چینی کمپنیوں کے درمیان معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی ہوں گے۔

صدر ِ مملکت کے دورۂ چین سے دونوں ملکوں کے درمیان معاشی تعاون، تجارت اور سی پیک پر اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔