لاہور،14اپریل(اے پی پی) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے ای وی سیکٹر سے وابستہ چین کے بڑے سرمایہ کار گروپ سن سوکی کے اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی۔
گروپ کے سی ای او مسٹر لی وفد کی قیادت کر رہے تھے،چین کے گروپ سن سوکی نے ای وی سیکٹر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا، سی ای او گروپ مسٹر لی نے کہا کہ ہمارا گروپ پنجاب میں لیتھم بیٹریوں کی مینوفیکچرنگ اور الیکٹرک بائیکس اور الیکٹرک رکشہ کا ایسمبلنگ پلانٹ لگانا چاہتا ہے، صوبائی وزیر نے پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے مواقع اور دستیاب سہولیات سے آگاہ کیا۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات حاصل ہیں،چین کی متعدد کمپنیوں نے پنجاب کے مختلف شعبوں میں بڑی سرمایہ کاری کر رکھی ہے پنجاب کے ای وی سیکٹر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع اور بہترین وقت موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ ای وی سیکٹر کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے چین کا گروپ الیکٹرک وہیکلز سیکٹر میں سرمایہ کاری کرے،ہرممکن سہولت دیں گے چین کا گروپ سن سوکی پنجاب کے کسی بھی سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کرسکتا ہے، خصوصی اقتصادی زون میں سرمایہ کاری پر 10سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ اور ایک مرتبہ ڈیوٹی فری مشینری کی درآمد کی سہولت ملے گی ۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ گزشتہ ایک سال میں تین مرتبہ چین کا دورہ کرچکا ہوں ان دوروں کے دوران چین کے بڑے سرمایہ کار کمپنیوں کے حکام سے پنجاب میں سرمایہ کاری کے حوالے سے سود مند ملاقاتیں ہوئیں،دوروں کے دوران ہونے والے متعدد معاہدوں پر عملدرآمد شروع ہوچکا ہے چین کی متعدد کمپنیوں نے پنجاب میں اپنے صنعتی یونٹس لگا لئے ہیں اور دیگر کمپنیاں اپنے پلانٹس لگا رہی ہیں چین کا سن سوکی گروپ پنجاب کے ای وی سیکٹر میں کھلے دل سے سرمایہ کاری کرے۔ ان کی سرمایہ کاری کو مکمل تحفظ حاصل ہوگا۔
سپیشل سیکرٹری انڈسٹریز،ڈی جی پنجاب سرمایہ کاری بورڈ،ڈائریکٹرز اور بزنس کمیونٹی کے نمائندے بھی ملاقات میں موجود تھے۔











