لودھراں ، 13 اپریل( اے پی پی) 4 روزہ قومی انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا۔انسداد پولیو مہم 13 سے 16 اپریل 2026 تک جاری رہے گی جس کے دوران ضلع بھر میں 3 لاکھ 89 ہزار 675 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔افتتاحی تقریب میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عظیم ریاض، ڈاکٹر خاور ضیاء، ڈاکٹر عمر اقبال سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔
ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے اس موقع پر کہا کہ ملک بھر سے پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور نئی نسل کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں کیونکہ یہ دو قطرے عمر بھر کی معذوری سے بچاؤ کا مؤثر ذریعہ ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مہم کے دوران پولیو ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلانے کے ساتھ بس و ویگن اسٹینڈز، ریلوے اسٹیشنز، ہسپتالوں اور داخلی راستوں پر بھی اپنی خدمات سرانجام دیں گی۔ اس دوران کم عمر بچوں کو وٹامن اے کیپسول بھی دیے جائیں گے۔
سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عظیم ریاض کے مطابق انسداد پولیو مہم کے لیے ضلع بھر میں مجموعی طور پر 1553 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 1459 موبائل، 68 فکسڈ اور 26 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں۔ یہ ٹیمیں مہم کی کامیابی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گی۔











