اسلام آباد۔14اپریل (اے پی پی):سولہ ممالک کے سفارتکاروں اور اقوام متحدہ کی مختلف تنظیموں کے سربراہان و سینئر نمائندگان نے پاکستان میں جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہنر مند افرادی قوت کی تیاری کے لیے اپنی شراکت داری کو مزید وسعت دینے اور تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔یہ عزم منگل کے روز نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی گول میز کانفرنس ’’ٹی وی ای ٹی (TVET): پاکستان میں ہنرمندی کی ترقی کے لیے بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے‘‘ کے دوران ظاہر کیا گیا۔
نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) کے میڈیا سیل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کانفرنس چیئرپرسن نیوٹیک گلمینہ بلال احمد کی خصوصی دعوت اور کاوشوں سے منعقد ہوئی جس میں امریکا، برطانیہ، جرمنی، چین، ازبکستان، نیپال، سری لنکا، یورپی یونین، ملائیشیا، بنگلہ دیش، مراکش، بھوٹان، میانمار، پاپوا نیو گنی، فرانس، سنگاپور اور ماریشس سمیت متعدد ممالک کے سفارتکاروں نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ اقوام متحدہ کے ذیلی اداروں جن میں انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او)، یونیسیف اور انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن (آئی او ایم) کے سربراہان اور سینئر نمائندگان بھی موجود تھے۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن نیوٹیک گلمینہ بلال احمد نے کہا کہ یہ اہم عالمی اجتماع نوجوانوں کو جدید اور بین الاقوامی معیار کی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے مشترکہ عزم کی واضح عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں، جدت کو فروغ مل رہا ہے اور پائیدار معاشی ترقی کی نئی راہیں کھل رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت خالد مقبول صدیقی کے وژن اور خصوصی ہدایات کے تحت نیوٹیک نے محض اڑھائی برس کے قلیل عرصے میں ملک بھر میں لاکھوں نوجوانوں کو جدید تقاضوں کے مطابق ہنر مند بنایا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان تربیت یافتہ نوجوانوں کی بڑی تعداد کو خلیجی ممالک، چین اور یورپ میں روزگار کے مواقع بھی فراہم کیے گئے ہیں جبکہ متعدد بین الاقوامی معاہدوں کے تحت پاکستانی ہنر مند افرادی قوت کی عالمی سطح پر مانگ میں اضافہ ہوا ہے۔وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خاں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی ملک کا سب سے قیمتی سرمایہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سٹریٹجک شراکت داری اور مہارتوں کی ترقی کے اقدامات کے ذریعے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو موثر انداز میں بروئے کار لا رہی ہے تاکہ وہ ملکی و عالمی سطح پر نمایاں کردار ادا کر سکیں۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیوٹیک محمد عامر جان نے ادارے کی سٹریٹجک سمت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نیوٹیک ایک ایسی ہنر مند افرادی قوت تیار کرنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے جو بین الاقوامی منڈی میں قابل برآمد ہو اور ملکی معیشت میں موثر کردار ادا کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ آئوٹ کم بیسڈ ٹریننگ ماڈل کی جانب پیش رفت کر چکا ہے اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مشترکہ سرٹیفکیشن پروگرامز اور ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
ماریشس کے سفیر نے ایک جامع منصوبہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سیاحت کے شعبے میں ماریشس کے تجربات سے استفادہ کر سکتا ہے جبکہ ماریشس تعمیرات کے شعبے میں پاکستان کی مہارت اور تجربے سے سیکھنے کا خواہاں ہے۔جرمنی اور امریکا کے سفارتی نمائندگان نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پائیدار ترقی کے لیے اس ماڈل کو مزید مضبوط بنانا ناگزیر ہے۔
یورپی یونین نے پاکستان کے ساتھ اپنی مسلسل معاونت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ بھی تعاون اور شراکت داری کے تسلسل کو جاری رکھے گی۔ڈین آف ڈپلومیٹک کور اور ترکمانستان کے سفیر نے نیوٹیک کی تفصیلی بریفنگ کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری پاکستان کی ترقی اور پیش رفت کے لیے اپنے بھرپور تعاون اور حمایت کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔کانفرنس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ نیوٹیک اور بین الاقوامی شراکت داروں کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے بہتر مواقع پیدا کیے جا سکیں اور پاکستان کو عالمی معیار کی ہنر مند افرادی قوت کا مرکز بنایا جا سکے۔











