اسلام آباد 13اپریل (اے پی پی): مشرق وسطیٰ میں امن کیلئے پاکستان کے تعمیری کردار کا عالمی سطح پر اعتراف کیا جا رہا ہے، جبکہ دوغلی پالیسیوں کے باعث بھارت شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور مودی سرکار ملک کے اندر شدید تنقید کا سامنا ہے۔
دی نیشنل انٹرسٹ کے مطابق ایران اسرائیل جنگ پر خاموشی اختیار کرنے کی وجہ سے مودی سرکار کو ملک کے اندر شدید تنقید کا سامنا ہے۔
دی نیشنل انٹرسٹ کے مطابق پاکستان اسرائیل کے ساتھ تناؤ کے باوجود اس بحران میں ایک کلیدی فریق کے طور پر کردار ادا کر رہا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں ایک بڑے پیمانے پر بھڑکنے والی جنگ کا خطرہ ٹل گیا جبکہ پاکستان کے بطور ثالث کردار پر بھارتی اپوزیشن قیادت کی جانب سے شدید ردِعمل اور غصے کا اظہار کیا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بی جے پی کے حامی انتہا پسند حلقوں میں اسرائیل کی مقبولیت کی ایک بڑی وجہ اس کا مبینہ اسلام دشمن تشخص ہے۔کانگریس لیڈر ششی تھرور نے اعتراف کیا کہ پاکستان سفارتی طور پر بھارت سے کہیں بہتر کارکردگی دکھا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق بھارت کے ہندو انتہا پسند حلقوں میں اسرائیل کی حمایت اسلام مخالف نظریاتی مماثلت پر مبنی ہے، جس نے بھارت کو دنیا میں تنہا کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بہترین سفارتکاری اور کامیاب ملٹری ڈپلومیسی کی بدولت دنیا میں ایک بااعتماد اور باوقار طاقت کے طور پر ابھر چکا ہے۔











