نیپال کی سفیر کی وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت سے ملاقات؛ ثقافتی تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ

9

اسلام آباد، 29 اپریل ) اے پی پی):پاکستان میں نیپال کی سفیر ریتا دھیتال نے بدھ کووفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت, اورنگزیب خان کچھی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ثقافت، ورثہ اور عوامی روابط کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عوامی روابط کو سفارتی تعلقات کی بنیاد سمجھتا ہے۔ انہوں نے پاکستان اور نیپال کے ثقافتی اداروں کے درمیان موسیقی، فنون، نوادرات اور دیگر ثقافتی سرگرمیوں میں تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

وفاقی وزیر نے وزیراعظم کے وژن کے مطابق دوست ممالک کے ساتھ تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نیپال کے ساتھ ثقافتی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

انھوں نے پاکستان کے شاندار بدھ مت ورثے کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے مذہبی سیاحت کے فروغ کی وسیع تر پالیسی کے تحت بدھ تہذیب کو نمایاں کرنے کے لیے نئی کوششوں کی ہدایت دی ہے۔

ملاقات کے دوران نیپال کی سفیر نے پاکستان اور نیپال کے درمیان دیرینہ تعلقات کو سراہا، جو باہمی احترام، خیرسگالی اور تعاون پر مبنی ہیں۔

انہوں نے تجارت، تعلیم اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات میں مسلسل پیش رفت کو اجاگر کیا، جبکہ علمی، ابلاغی، کھیلوں اور ثقافتی پروگراموں میں تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے وفاقی وزیر کی قیادت میں ثقافت، فنون، عجائب گھروں اور بدھ مت ثقافتی ورثے کے فروغ، تحفظ اور نگہداشت کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

اس موقع پر پارلیمانی سیکریٹری فرح ناز اکبر، سیکریٹری قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن ,اسد رحمان گیلانی، اور نیپال کے ڈپٹی چیف آف مشن پروشوتّم دھنگل بھی موجود تھے۔