واشنگٹن ڈی سی ،16 اپریل ( اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاس 2026 کے موقع پر اوپیک فنڈ برائے بین الاقوامی ترقی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عبد الحمید الخلیفہ سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے پاکستان کے ساتھ اوپیک فنڈ کے بڑھتے ہوئے تعاون کو سراہا اور حالیہ منظور شدہ اور جاری منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کے ایک ذمہ دار قرض لینے والے ملک کے طور پر مضبوط ریکارڈ اور دوطرفہ تعاون کے معیار کو بھی سراہا۔
سینیٹر اورنگزیب نے اوپیک فنڈ کی تینوں مالی سہولتوں، سرکاری شعبے کے لیے قرضہ، نجی شعبے کی مالی معاونت اور اسلامی فنانس سے بھرپور فائدہ اٹھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
انہوں نے اوپیک فنڈ کو پاکستان میں نجی شعبے میں مزید سرمایہ کاری بڑھانے کی ترغیب دی اور پالیسی سے منسلک بجٹ سپورٹ پروگرامز کے امکانات پر بھی زور دیا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے پیش نظر پانی کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبے پاکستان کے لیے قومی سلامتی کی اہمیت اختیار کر چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اوپیک فنڈ کی ترجیحات، ماحولیاتی تبدیلی، غذائی تحفظ اور ڈیجیٹل تبدیلی پاکستان کی ترقیاتی ضروریات سے مکمل ہم آہنگ ہیں۔
وزیر خزانہ نے اوپیک فنڈ کے سربراہ کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی تاکہ باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
ملاقات کے اختتام پر سینیٹر محمد اورنگزیب نے ویانا میں اوپیک فنڈ کے آئندہ پروگرام میں شرکت کی دعوت پر ڈاکٹر عبد الحمید الخلیفہ کا شکریہ ادا کیا۔











