واشنگٹن ڈی سی : وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی چینی ہم منصب سے ملاقات

14

واشنگٹن ڈی سی ،16 اپریل ( اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاس 2026 کے موقع پر چین کے وزیر خزانہ لان فوآن سے ملاقات کی ہے۔

ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے پاکستان کے لیے چین کی دیرینہ اور مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا، اور آئی ایم ایف میں چین کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے تعمیری کردار کو بھی سراہا۔

سینیٹر اورنگزیب نے اپنے چینی ہم منصب کو پاکستان کے آئی ایم ایف پروگرام کی پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی (EFF) کے تیسرے جائزے اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی (RSF) کے دوسرے جائزے کے لیے اسٹاف لیول معاہدہ مکمل ہو چکا ہے، جس کی منظوری مئی کے آغاز میں متوقع ہے۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ پاکستان نے 1.4 ارب ڈالر کا یورو بانڈ ادا کر دیا ہے اور سعودی عرب سے نمایاں اضافی مالی معاونت بھی حاصل کی ہے، جس سے بیرونی مالی پوزیشن مضبوط ہوگی۔

انہوں نے پاکستان کے پہلے پانڈا بانڈ کے اجرا سے متعلق پیش رفت سے بھی آگاہ کیا، جو مالی وسائل کو متنوع بنانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔

سینیٹر اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تجارت کا بڑا حصہ اب رینمنبی (RMB) میں طے ہو رہا ہے، جس کے باعث بڑھتی ہوئی تجارتی سرگرمیوں کو سہارا دینے کے لیے کرنسی سوآپ سہولت میں اضافہ ضروری ہے۔

وزیر خزانہ نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو تسلیم کرنے پر چینی وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) ڈویلپمنٹ بینک کے قیام کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا، خاص طور پر ایسے وقت میں جب پاکستان ستمبر میں ایس سی او کی صدارت سنبھالنے جا رہا ہے۔

ملاقات کے اختتام پر وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک میں چین کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کی مسلسل حمایت پر بھی شکریہ ادا کیا۔