وزیراعظم شہباز شریف اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ سعودی عرب پہنچ گئے، ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات ہوگی

11

اسلام آباد ، 15 اپریل ( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے منگل کے روز جدہ ایئرپورٹ پہنچ کر اپنے دورہ سعودی عرب کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔

جدہ پہنچنے پر نائب گورنر مکہ ریجن شہزادہ سعود بن مشعال بن عبدالعزیز، سعودی عرب کے پاکستان میں سفیر نواف بن سعید المالکی اور سعودی عرب میں پاکستانی سفیر احمد فاروق نے وزیراعظم و پاکستانی وفد کا ایئرپورٹ پر پرتپاک استقبال کیا۔

وزیراعظم کی جدہ میں سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آلسعود سے دو طرفہ ملاقات ہوگی۔ ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دو طرفہ تعلقات کے مزید فروغ اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوگا۔

وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور وزیراعظم کے ترجمان برائے غیر ملکی میڈیا مشرف زیدی بھی سعودی عرب پہنچے۔