وزیراعظم کا ایف بی آر اجلاس میں اوور انوائسنگ رپورٹ پر اظہار برہمی، ذمہ داران کے خلاف کارروائی تیز کرنے کی ہدایت

11

اسلام آباد، 15 اپریل ( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے امور پر منعقدہ ہفتہ وار جائزہ اجلاس میں 2017 سے 2022 کے دوران ہونے والی اوور انوائسنگ کے حوالے سے کمیٹی کی رپورٹ پر برہمی کا اظہار کیا ، متعلقہ اداروں کی غفلت کو تنقید اور مرتکب افراد کے خلاف قانونی و محکمانہ کارروائی تیز کرنے کی سخت ہدایت جاری کی۔

  وزیراعظم نے کہا  کہ ٹیکس کا پیسہ قوم کی امانت ہے جس کی حفاظت اور ایک ایک پائی کا حساب دینا حکومت کی ذمہ داری ہے، اس لیے مستقبل میں ایسے واقعات کے تدارک کے لیے جامع حکمت عملی وضع کی جائے۔ وزیراعظم نے فائننشل مونیٹرنگ یونٹ (FMU) کو مزید فعال بنانے کے لیے اس میں ایف آئی اے اور انٹیلیجنس بیورو کے نمائندوں کو شامل کرنے کے احکامات دیے۔

 بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ایف بی آر کا ‘سنٹرلائز پرائس ویریفکیشن پورٹل’ جون کے آخر تک بینکوں سے منسلک کر دیا جائے گا۔

 اجلاس میں وفاقی وزراء مصدق ملک، احد چیمہ، عطا اللہ تارڑ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان اور چیئرمین ایف بی آر سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔