وزیراعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر خان کی زیر صدارت آٹو پالیسی پر اعلیٰ سطحی اجلاس

9

اسلام آباد، 14 اپریل (اے پی پی ):  وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی زیر صدارت آٹو پارٹس مینوفیکچررز کے وفد کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں آئندہ آٹو پالیسی اور مقامی صنعت کے فروغ کے اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں سیکرٹری صنعت و پیداوار سیف انجم، چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ (ای ڈی بی) حماد منصور سمیت دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران نئی آٹو پالیسی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں آٹو پارٹس کی مقامی سطح پر تیاری کو خصوصی اہمیت دی گئی۔ ہارون اختر خان نے کہا کہ آٹو پارٹس کی مقامی پیداوار کو فروغ دینا حکومت کی آٹو پالیسی کا بنیادی ہدف ہے۔

سیکرٹری صنعت و پیداوار سیف انجم نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ وزارت مقامی سطح پر تیار کیے جانے والے آٹو پارٹس کی جامع فہرست مرتب کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آئندہ پانچ برسوں میں مقامی طور پر تیار ہونے والے پارٹس کو مناسب تحفظ فراہم کیا جائے گا تاکہ مقامی صنعت کو فروغ دیا جا سکے۔

ہارون اختر خان نے اس بات پر زور دیا کہ نئی آٹو پالیسی جامع ہوگی اور ملکی آٹو موٹیو شعبے کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مؤثر پالیسی اقدامات کے ذریعے گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی لانا حکومت کی اہم ترجیح ہے۔

اجلاس میں الیکٹرک وہیکل (ای وی) پارٹس مینوفیکچرنگ کے لیے خصوصی مراعات دینے کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ سیکرٹری صنعت نے بتایا کہ نئی ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے یہ مراعات زیر غور ہیں۔

جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہارون اختر خان نے آٹو پارٹس سازوں پر زور دیا کہ وہ عالمی مارکیٹ میں مسابقت برقرار رکھنے کے لیے الیکٹرک وہیکل ٹیکنالوجی کی جانب منتقل ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں نئی آٹو پالیسی مقامی پیداوار میں نمایاں اضافہ کرے گی اور برآمدات کو فروغ دے گی۔ معاونِ خصوصی نے یقین دہانی کرائی کہ پالیسی تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تیار کی جائے گی۔

ہارون اختر خان نے انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کو ہدایت کی کہ وہ تمام متعلقہ فریقین سے مشاورت کو یقینی بنائے تاکہ ایک جامع اور مؤثر پالیسی فریم ورک تشکیل دیا جا سکے۔