کراچی، 26 اپریل ( اے پی پی): وزیر ِتجارت جام کمال خان نے پارسی برادری کے 133ویں یومِ تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارسی برادری کی 133 سالہ خدمات پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارسی برادری کی ملک کے لیے مسلسل خدمات اور تعاون قابلِ تحسین ہیں۔
وفاقی وزیرِ تجارت نے پارسی برادری کی حب الوطنی، دیانتداری اور خدمت کے جذبے کو قابلِ تقلید قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے اپنے خاندان کے پارسی برادری سے دیرینہ تعلقات ہیں اور وہ اس رشتے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پارسی برادری نے کراچی اور پاکستان کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے اور پاکستان کی مجموعی ترقی میں تمام برادریوں کا کردار اہم ہے، تاہم پارسی برادری ایک نمایاں مقام رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارسی برادری کی خدمات نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
جام کمال خان نے کراچی کے حوالے سے کہا کہ یہ ایک خوبصورت شہر ہے جس نے بے شمار افراد کو پہچان دی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کراچی ایک بار پھر ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ بطور بندرگاہی شہر کراچی نے عالمی سطح پر نام کمانے والی شخصیات پیدا کیں۔











