وزیر خزانہ کی روتھس چائلڈ اینڈ کمپنی سے ملاقات، عالمی مالیاتی منڈیوں میں واپسی کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال

20

واشنگٹن ڈی سی، 16 اپریل (اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاس 2026 کے موقع پر روتھس چائلڈ اینڈ کمپنی کے اعلیٰ نمائندگان سے ایک اہم ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے پاکستان کی چار سال کے وقفے کے بعد عالمی مالیاتی منڈیوں میں دوبارہ رسائی کی حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں یورو بانڈز، پانڈا بانڈ اور ڈالر میں طے شدہ روپے سے منسلک مالیاتی آلات زیر غور ہیں۔

سینیٹر اورنگزیب نے بتایا کہ پانڈا بانڈ کے اجرا کی تیاری آخری مراحل میں ہے اور اس کی باضابطہ منظوری جلد متوقع ہے۔

وزیر خزانہ نے لیبلٹی مینجمنٹ آپریشن  سے متعلق روتھس چائلڈ اینڈ کمپنی کی مشاورت کو سراہا، جس کے ذریعے پاکستان کے بانڈز کی لاگت میں کمی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ممکن ہوگا۔

دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ کثیرالجہتی مالیاتی اداروں کے تعاون سے بلینڈڈ فنانس کے منصوبوں کی مضبوط پائپ لائن تیار کرنا مجموعی قرضہ لاگت کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

وزیر خزانہ نے ورلڈ بینک کے 10 سالہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت پاکستان کے لیے مختص کلائمیٹ فنانس کی بھی نشاندہی کی۔

ملاقات کے اختتام پر سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاکستان کی عالمی مالیاتی منڈیوں میں واپسی کے لیے روتھس چائلڈ اینڈ کمپنی کی جانب سے مکمل مشاورتی معاونت کی پیشکش کو سراہا، جس میں خودمختار بانڈز کا اجرا، لیبلٹی مینجمنٹ آپریشنز، بلینڈڈ فنانس کی تشکیل اور کریڈٹ ریٹنگ سے متعلق مشاورت شامل ہے۔