وزیر داخلہ محسن نقوی کی رائیونڈ میں عالمی تبلیغی مرکز آمد، اکابرین سے ملاقات

12

لاہور ، 5 اپریل ( اے پی پی):  وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے رائیونڈ میں عالمی تبلیغی مرکز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تبلیغی جماعت کے اکابرین مولانا امجد فاروق، مولانا عامر، انوار غنی، امتیاز غنی، مولانا مدثر شاہین اور دیگر سے ملاقات کی۔

‎وزیر داخلہ نے بھارت اور بنگلہ دیش سے آئے اکابرین سے بھی ملاقات کی اور دین اسلام کی سربلندی کے لیے تبلیغی جماعت کی گراں قدر خدمات کو سراہا۔

‎اس موقع پر غیر ملکی اکابرین نے ویزوں کے اجراء میں بھرپور تعاون پر محسن نقوی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزارت داخلہ کے تعاون کے باعث اس بار ویزوں کا کوئی مسئلہ پیش نہیں آیا اور انہیں غیر معمولی سہولت میسر آئی۔بنگلہ دیش کے اکابرین نے وزیر داخلہ کو بنگلہ دیش میں عالمی تبلیغی اجتماع میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

   اس موقع پر  محسن نقوی کا کہنا تھا کہ   سالانہ اجتماع کے انعقاد میں وزارت داخلہ ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی اور غیر ملکی وفود کو ویزا کے حصول میں مکمل سہولت دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ رواں سال بھی ایئرپورٹس پر اسپیشل کاؤنٹرز قائم کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام کی تبلیغ کے لیے سہولت فراہم کرنا ہمارا فرض اور باعثِ ثواب ہے، جبکہ تبلیغی جماعت کے اکابرین کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

‎ملاقات کے اختتام پر امت مسلمہ کے اتحاد، شر و باطل کے خاتمے اور حق و سچ کی سربلندی کے لیے دعا کی گئی، جبکہ پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور امن کے لیے بھی خصوصی دعا کی گئی۔